اوپن اے آئی کا سب سے طاقتور ماڈل GPT-5.6 جمعرات کو لانچ ہوگا، امریکی حکومت نے قومی سلامتی کے خدشات کے باعث ایک ماہ تک روکے رکھا
اوپن اے آئی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے اب تک کے سب سے طاقتور اے آئی ماڈل GPT-5.6 کو عوامی طور پر متعارف کرا رہا ہے۔ تاہم اس لانچ کی خاص بات یہ ہے کہ ماڈل اصل شیڈول کے مطابق گزشتہ ماہ جاری ہونا تھا، لیکن امریکی حکومت نے قومی سلامتی کے خدشات کے باعث اس کی ریلیز مؤخر کر دی تھی تاکہ پہلے اس کا اضافی سیکیورٹی جائزہ لیا جا سکے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کو خدشہ تھا کہ انتہائی طاقتور اے آئی ماڈلز مستقبل میں مخالف ممالک یا دیگر خطرناک عناصر کے ہاتھ لگ کر فوجی، انٹیلی جنس یا سائبر حملوں کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے واشنگٹن نے حالیہ مہینوں میں جدید Frontier AI ماڈلز کی ریلیز پر نگرانی سخت کر دی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے امریکی حکومت نے Anthropic کے جدید Fable اور Mythos ماڈلز پر لگائی گئی تقریباً تین ہفتوں کی پابندی بھی ختم کر دی تھی۔ ان ماڈلز کو بھی قومی سلامتی کے خدشات کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، تاہم اضافی جانچ کے بعد انہیں دوبارہ عالمی سطح پر جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ تجارت نے نئے حکومتی فریم ورک کے تحت GPT-5.6 کی اضافی جانچ مکمل ہونے کے بعد اس کی وسیع پیمانے پر ریلیز کی منظوری دی ہے۔ اسی دوران OpenAI نے محدود تعداد میں قابلِ اعتماد پارٹنرز کو پہلے ہی اس ماڈل تک رسائی دے رکھی تھی تاکہ حقیقی ماحول میں اس کی کارکردگی اور حفاظتی پہلوؤں کا مزید جائزہ لیا جا سکے۔
اوپن اے آئی صرف ایک ماڈل نہیں بلکہ تین مختلف ورژنز متعارف کرا رہا ہے۔GPT-5.6 Sol کمپنی کا سب سے طاقتور اور جدید ماڈل ہوگا، Terra نسبتاً کم قیمت والا درمیانی درجے کا ورژن ہوگا، جبکہ Luna سب سے کم لاگت والا ماڈل ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اور کاروبار اپنی ضرورت کے مطابق انتخاب کر سکیں۔
امریکی حکومت کی یہ نئی پالیسی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس ایگزیکٹو آرڈر کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت Frontier AI تیار کرنے والی کمپنیوں کو رضاکارانہ طور پر اپنے جدید ماڈلز عوامی ریلیز سے قبل حکومت کو جانچ کے لیے فراہم کرنے کی ترغیب دی گئی۔ اس کا مقصد ایسے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنا ہے جو قومی سلامتی یا عالمی استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب خود Anthropic بھی اس بات کا اعتراف کر چکی ہے کہ کسی بھی اے آئی ماڈل کو مکمل طور پر Jailbreak حملوں سے محفوظ بنانا شاید ممکن نہ ہو۔ کمپنی کے مطابق مستقبل میں ایسا “Universal Jailbreak” بھی سامنے آ سکتا ہے جو بیک وقت مختلف حفاظتی پابندیوں کو ناکام بنا دے، اسی لیے نئی نسل کے ماڈلز کے ساتھ حفاظتی نظام مسلسل مضبوط کیے جا رہے ہیں۔
آنے والے مہینوں میں امکان ہے کہ دنیا بھر میں جدید اے آئی ماڈلز کی ریلیز سے پہلے حکومتی نگرانی اور حفاظتی جانچ معمول کا حصہ بن جائے گی۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے