جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۳۲

7 جون 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۳۲

(پینتیس اقساط پر مشتمل سیریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر31: مصنوعی ذہانت کے اخلاقی پہلو

ایک لمحے کے لیے رک کر سوچیے کہ اگر کوئی مشین آپ کے لیے یہ فیصلہ کرے کہ آپ کو قرض ملے گا یا نہیں، آپ کو نوکری ملے گی یا انکار، یا یہاں تک کہ آپ پر کڑی نگرانی رکھی جائے ؟ تو کیا یہ فیصلہ "منصفانہ" ہو گا؟ سوال سادہ ہے، لیکن اس کا جواب انسانی تاریخ کی سب سے پیچیدہ گتھی سے جڑا ہوا ہے یعنی طاقت، تعصب، اور انصاف کے معیار۔

مصنوعی ذہانت محض کمپیوٹر کا کوئی سافٹ ویئر نہیں، بلکہ یہ انسانوں کے فیصلوں کی مشینی ریہرسل ہے۔ جب ہم کسی ذہین نظام کو تربیت دیتے ہیں، تو وہ انہی ڈیٹا سیٹس سے سیکھتا ہے جو ماضی کے انسانوں نے تیار کیے ہیں، اور ان میں ہمارے تمام تعصبات، ہمارے لاشعوری جھکاؤ ،اور ہمارے سماجی رویے شامل ہوتے ہیں۔ اس لیے سوال یہ ہے کہ اگر استاد متعصب ہو تو شاگرد کیسے غیرجانبدار ہو سکتا ہے؟

اخلاقیات کی دنیا میں یہ مسئلہ ایک بنیادی تضاد کی طرح کھڑا ہے۔ کہ کیا ہم ایسی مشین بنا سکتے ہیں جو "اچھے" فیصلے کرے؟ لیکن "اچھا" کیا ہوتا ہے، کون طے کرتا ہے؟ ایک مغربی معاشرہ جسے "انفرادی آزادی" مقدم لگتی ہے، اس کے نزدیک جس بات میں آزادی ہے، وہ مشرقی دنیا میں شاید بدتمیزی سمجھی جائے۔ کیا ہم مصنوعی ذہانت کے لیے کوئی عالمگیر اخلاقی فریم تیار کر سکتے ہیں؟

جب ایک خودکار نظام کسی سیاہ فام شخص کو زیادہ خطرناک سمجھتا ہے، یا کسی عورت کو کم اہل، تو یہ صرف ایک تکنیکی خرابی نہیں، یہ انسان کے اپنے غیرعادل نظام کا سافٹ ویئر میں ظہور ہے۔ اور جب ہم ان فیصلوں پر سوال نہیں اٹھاتے، تو ہم دراصل اپنی خاموشی سے ظلم کے ایک نئے دور کی اجازت دے رہے ہوتے ہیں ، ایک ایسا ظلم جو "نیوٹرل کوڈ" کے لباس میں چھپا ہوتا ہے۔

یہ بات بھی سوچنے کی ہے کہ جب مشینیں خود مختار ہوتی جا رہی ہیں، تو ان کے غلط فیصلوں کی ذمہ داری کون اٹھائے گا؟ ایک خود چلنے والی گاڑی اگر کسی کو مار دے، تو مجرم کون ہو گا؟ پروگرامر، کمپنی، یا وہ سسٹم خود؟ قانون اور اخلاق دونوں اس مقام پر الجھن میں پڑ جاتے ہیں۔

آج کا انسان شاید پہلی بار ایک ایسے آئینے کے سامنے کھڑا ہے جو اس کے اپنے اخلاقی سانچوں کو ناپ رہا ہے۔ ہم مصنوعی ذہانت کے ذریعے صرف ذہانت نہیں، اپنا ضمیر بھی خودکار بنا رہے ہیں۔ لیکن کیا ضمیر کبھی خودکار ہو سکتا ہے؟ کیا ہم ایک ایسا نظام بنا سکتے ہیں جو صرف ذہین ہی نہ ہو، بلکہ شفیق، منصف، اور باشعور بھی ہو؟

اخلاقی سوالات وہ ہیں جنہیں ہم اکثر نظرانداز کر دیتے ہیں، کیونکہ وہ تکلیف دہ ہوتے ہیں۔ مگر مصنوعی ذہانت کے دور میں یہی سوال سب سے زیادہ ضروری ہیں۔ شاید ہمیں چاہیے کہ ہم ہر نئی ایجاد کے ساتھ ایک نیا ضمیر بھی تخلیق کریں، ایک ایسا ضمیر جو محض حساب کتاب نہیں، بلکہ انسان کی عظمت کو مقدم جانتا ہو۔

اگلی قسط میں ہم دیکھیں گے کہ مصنوعی ذہانت سے جڑے خطرات اور چیلنجز کیا کیا ہیں؟

یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں