زیادہ تر لوگ جب NotebookLM سے پریزنٹیشن یا انفوگرافک بناتے ہیں تو ایک مسئلہ سامنے آتا ہے کہ مواد تو درست اور تحقیق پر مبنی ہوتا ہے، مگر ڈیزائن تقریباً ہر بار ایک جیسا نظر آتا ہے۔ ایک ہی رنگ، ایک جیسا لے آؤٹ اور وہی عمومی AI ٹیمپلیٹ جیسا احساس۔
اس NotebookLM کی اصل طاقت یہ ہے کہ یہ اپنی معلومات عام ٹریننگ ڈیٹا سے نہیں بلکہ صرف ان ذرائع سے لیتا ہے جو آپ اسے دیتے ہیں۔ یعنی آپ کے PDFs، ویڈیوز، دستاویزات یا وہ مواد جو یہ خود تحقیق کے ذریعے تلاش کرتا ہے۔ اسی وجہ سے اس سے بننے والی پریزنٹیشنز اکثر زیادہ درست اور قابلِ اعتماد ہوتی ہیں، خاص طور پر جب انہیں کلائنٹس، تعلیمی مقاصد یا پروفیشنل میٹنگز میں استعمال کرنا ہو۔
مسئلہ صرف ڈیزائن کا ہوتا ہے، اور اس کا حل ایک سادہ ورک فلو سے نکالا جا سکتا ہے۔ پہلے Google Images میں جا کر کسی ایسی انفوگرافک یا سلائیڈ ڈیزائن کو تلاش کریں جو آپ کو پسند ہو۔ اس تصویر کو محفوظ کریں اور پھر اسے Gemini میں اپ لوڈ کریں۔ Gemini سے کہیں کہ اس تصویر کے بصری عناصر جیسے رنگ، فونٹس، لے آؤٹ اور ڈیزائن اسٹائل کی مکمل وضاحت کرے۔
جیمنائی جو تفصیل دے گا وہ دراصل ایک ڈیزائن پرامپٹ بن جاتا ہے۔ اب NotebookLM میں جا کر جب آپ انفوگرافک یا سلائیڈ ڈیک بنانے لگیں تو “Customize” والے حصے میں وہ مکمل وضاحت پیسٹ کر دیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہی مواد اب بالکل مختلف اور زیادہ پروفیشنل ڈیزائن کے ساتھ تیار ہوتا ہے۔
اسی طریقے سے پریزنٹیشن سلائیڈز بھی بنائی جا سکتی ہیں۔ اس مرحلے میں آپ ایک اور اہم چیز شامل کر سکتے ہیں: اپنے سامعین کی وضاحت۔ مثال کے طور پر اگر آپ لکھ دیں کہ سامعین اے آئی سیکھنے والے ابتدائی صارفین ہیں تو NotebookLM سلائیڈز کی وضاحت بھی اسی سطح کے مطابق ترتیب دے گا۔
ایک اور مسئلہ جواکثر سامنے آتا ہے کہ NotebookLM کی سلائیڈز کے نیچے واٹرمارک ہوتا ہے۔ اگر پریزنٹیشن کسی کلائنٹ یا پروفیشنل میٹنگ میں دینی ہو تو اسے ہٹانا ضروری ہوتا ہے۔ اس کا ایک آسان حل یہ ہے کہ سلائیڈز کو PDF کے بجائے PowerPoint میں تبدیل کر کے Google Slides میں امپورٹ کر لیا جائے، جہاں واٹرمارک صرف ایک ٹیکسٹ باکس ہوتا ہے جسے آسانی سے حذف کیا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں NotebookLM میں چند نئی خصوصیات بھی شامل کی گئی ہیں جنہوں نے اسے صرف ایک ریسرچ ٹول کے بجائے مکمل پریزنٹیشن ورک فلو پلیٹ فارم بنا دیا ہے۔
ان میں سب سے اہم Deep Research فیچر ہے۔ اس میں آپ صرف ایک موضوع لکھتے ہیں اور NotebookLM خود ایک تحقیقاتی منصوبہ بنا کر ویب سائٹس، GitHub ریپوزٹریز، ریسرچ پیپرز اور دیگر ذرائع سے درجنوں حوالہ جات جمع کر دیتا ہے۔ یوں گھنٹوں کی تحقیق چند منٹ میں مکمل ہو جاتی ہے۔
ایک اور نئی سہولت یہ ہے کہ اب پوری پریزنٹیشن دوبارہ بنانے کی ضرورت نہیں رہتی۔ اگر کسی ایک سلائیڈ میں مسئلہ ہو تو آپ Revise بٹن کے ذریعے صرف اسی سلائیڈ کو دوبارہ تخلیق کر سکتے ہیں جبکہ باقی پریزنٹیشن ویسی ہی رہتی ہے۔
اس کے علاوہ ایک نیا آؤٹ پٹ فارمیٹ Data Tables بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے NotebookLM آپ کے ذرائع سے معلومات نکال کر انہیں خودکار طور پر جدول کی شکل میں ترتیب دیتا ہے، جسے بعد میں Google Sheets میں ایک کلک سے منتقل کیا جا سکتا ہے۔
ان تمام فیچرز کی بدولت NotebookLM اب صرف سوالوں کے جواب دینے والا اے آئی نہیں رہا بلکہ ایک ایسا ٹول بن گیا ہے جو تحقیق، تجزیہ، ڈیٹا ٹیبلز، انفوگرافکس اور مکمل پریزنٹیشنز ایک ہی جگہ پر تیار کر سکتا ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے